ہندوستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے رشتوں کو خطے کے باشندگان کی فلاح اور
خوشحالی کیلئے وقف کرتے ہوئے پانچ ارب ڈالر کا آسان قرض دینے اور جوہری
توانائی کے پرامن استعمال کیلئے تعاون سمیت 22 معاہدوں پر دستخط کئے اور
کولکاتہ سے کھلنا تک بس اور ریلوے سروس اور رادھیكاپور-بيرول ریلوے لنک کا
افتتاح کیا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے ساتھ
حیدرآباد ہاؤس میں دو سربراہی میٹنگوں کے
بعد مغربی بنگال کی وزیر اعلی
ممتا بنرجی کی موجودگی میں بنگلہ دیش کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت شیخ
حسینہ حکومت کے ساتھ مل کر طویل عرصے سے زیر التوا تیستا ندی کے پانی کی
تقسیم کے مسئلے کا جلد حل تلاش کرے گی۔محترمہ شیخ حسینہ نے ہند-بنگلہ دیش تعلقات کے سلسلے میں مسٹر نریندر مودی
کی قیادت کی تعریف کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پدما ندی ، گنگاندی
اور تیستا ندی کے مسئلے پر دونوں ممالک کے درمیان حل جلد تلاش کیا جائے گا۔